عاقب جاوید نے وقار یونس کو کوچنگ سیکھنے کا مشورہ دے دیا

لاہور: سابق پیسر عاقب جاوید نے وقار یونس کو کوچنگ سیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ سابق کپتان نے 2 ہی کام کیے ہیں، جب بھی قومی ٹیم کی کوچنگ چھوڑی دوبارہ کمنٹری شروع کردی، انھوں نے15سال میں 5بار پاکستان کی کوچنگ میں کم بیک کیا، اتنا تو کسی پلیئر کے ساتھ بھی نہیں ہوتا، ایسی دنیا میں مثال نہیں ملتی، کوچنگ انھوں نے سیکھی نہیں اس لیے بہتر ہے کہ اب وہ کمنٹری کے بجائے سیکھنے پر توجہ دیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ یہ پاکستان کی ٹیم ہے جب مصباح الحق کو کوچنگ کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں میں نے اسی دن کہا تھا کہ اس سے بڑی ناانصافی کوئی اور نہیں ہو سکتی کہ آپ پہلی مرتبہ کوچنگ کریں اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں، میرا اختلاف طریقہ کار کے ساتھ تھا کہ جس شخص کا کوچنگ پروفیشن نہیں اسے کیوں ذمہ داری سونپتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اب غیر ملکی کوچز ہوں گے کیونکہ کوچز ڈیولپمنٹ پر کام تو کیا ہی نہیں گیا، نہ ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوالیفائیڈ کوچز ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں