یمن میں حوثی باغیوں کا فوجی اڈے پر حملہ، 30 اہلکار جاں بحق اور 60 زخمی

صنعا: یمن کے جنوبی علاقے میں سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کے ملٹری بیس کو حوثی باغیوں نے میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 30 فوجی جاں بحق اور 60 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ یمن کے حکومتی فورسز کے زیر انتظام صوبے لحج میں واقع العند ملٹری بیس پر حوثی باغیوں نے میزائل اور ڈرون حملے کیے۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی اڈے پر ایک بیلسٹک میزائل صبح کے وقت گرا جب وہاں فوجی اہلکار ورزش کر رہے تھے جس کے بعد پے در پے ڈرون حملے ہوئے۔
حملے کے متاثرین کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 30 اہلکاروں کی موت کی تصدیق کردی گئی جب کہ 60 میں 13 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

الحج کے گورنر کے ترجمان نے حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں پر عائد کی ہے تاہم حوثی جنگجوؤں کی جانب سے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 2014 سے باغیوں اور سعودی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کرب ناک انسانی المیے نے جنم لیا ہے جس میں لاکھوں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں