سلمان خان کے بھتیجے نروان خان کی بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بالی ووڈ میں انٹری

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے بھتیجے اور اداکار سہیل خان کے بیٹے نروان خان فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کے ذریعے بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بالی ووڈ میں انٹری دے رہے ہیں۔

بالی ووڈ کے دبنگ خان کترینہ کیف کے ہمراہ ٹائیگر فرنچائز کی تیسری فلم’’ٹائیگر3‘‘ کی شوٹنگ کے لیے ان دنوں روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں موجود ہیں۔ جہاں سے سلمان خان کی مداحوں کے ساتھ لی گئی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ حال ہی میں سلومیاں کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اپنے چھوٹے بھائی سہیل خان کے بیٹے نروان خان کے ساتھ اپنی کار کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نروان دراصل فلم ’’ٹائیگر 3‘‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میں سے ایک کے طور پر کام کررہے ہیں اور اسی لیے سلمان خان کے ساتھ روس میں موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ نروان خان بہت جلد فلموں میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں اور ان کا ہدایت کار بننے کا ارادہ ہے۔ لیکن اس سے پہلے وہ تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لہذا انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بورڈ میں آنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان بوڑھے ہوگئے ہیں انہیں والد کے کردار کرنے چاہئیں، مداح

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ فلم میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نروان تکنیکی پہلوؤں کے ساتھ فلموں کے مناظر مرتب کرنا، تمام محکموں کے ساتھ ہم آہنگی کرنا اور پوری کاسٹ کے ساتھ رابطے میں رہنا سیکھ رہے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نروان کو اپنے ساتھ رکھنے کا آئیڈیا سلمان خان کا تھا کیونکہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ فلم اور کاسٹ کے ساتھ رہنا ان کے بھتیجے کے لیے اچھا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ ان کا بھتیجا صحیح چیزوں کا انتخاب کرے اور جتنا ممکن ہوسکے سیکھے۔

واضح رہے کہ روس میں فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کا شیڈول 45 دن کا ہے جس میں فلم کے کار کو پکڑنے کے ایکشن سین کی شوٹنگ کی جارہی ہے۔ یہ سین بین الاقوامی سطح پر عکس بند کیا جارہا ہے۔ روس کےعلاوہ فلم کی شوٹنگ مزید 5 بین الاقوامی مقامات پر کی جائے گی جن میں ترکی اور آسٹریا بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں