فیصل خان نے عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق پر خاموشی توڑ دی

ممبئی:
بالی ووڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کے بھائی فیصل خان نے ان کی اور کرن راؤ کے درمیان ہونے والی طلاق پر خاموشی توڑ دی ہے۔

فیصل خان، جو خود بھی اداکار ہیں، نے انٹرویو میں عامر خان اور کرن راؤ کے درمیان علیحدگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ فیصل خان کا کہنا ہے کہ عامر خان کو کوئی مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ میری اپنی شادی بھی کامیاب نہیں ہوئی، میرا اس معاملے میں رائے دینے کا کوئی حق نہیں بنتا، عامر اور کرن اپنے فیصلے کے بارے میں بہتر جانتے ہیں۔

انٹرویو میں ان سے اپنے اور عامر خان کے درمیان تعلقات کے حوالے سے سوال کیا گیا تو فیصل خان نے کہا کہ ہمارے رشتے میں تبدیلی ضرور آئی ہے لیکن ہم ساتھ ہیں، عامر خان سے تعلقات اچھے ہیں تاہم میں اپنے فیصلے خود کرتا ہوں۔

میزبان نے سوال کیا کہ ’آپ کو عامر خان کے بھائی کے طور پر جانا جاتا ہے، اس پر آپ کیا کہیں گے؟‘۔ فیصل خان نے جواب میں کہا کہ مجھے اس سے کوئی پریشانی نہیں کیونکہ میری ایک الگ پہچان ہے، جب کوئی شخص خود سے ہی واقف نہ ہو تب اسے پریشان ہونا چاہیے، لوگ بہت کچھ کہتے ہیں اور لوگوں کا کام ہے کہنا۔

فیصل خان فلم ’فیکٹری‘ سے دوبارہ فلم انڈسٹری میں کم بیک کر رہے ہیں۔ وہ فلم میں بحیثیت ڈائریکٹر فرائض انجام دیں گے۔ فلم رواں سال 3 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں