کرن جوہر کی ہدایت کاری میں واپسی، رنویر اور عالیہ کیساتھ فلم بنانے کا اعلان

ممبئی: بالی ووڈ کے نامور فلمساز کرن جوہر نے ہدایت کاری میں 5 سال بعد واپسی کرتے ہوئے رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم بنانے کا اعلان کردیا۔

بھارتی فلمساز کرن جوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے ایک موشن پکچر شیئر کی جس کے ذریعے انہوں نے اپنی نئی فلم کی کاسٹ کا اعلان کیا۔

کرن جوہر نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس کاسٹ کے ذریعے یہ اسٹوری میرے دل کے مزید قریب ہوگئی ہے، ملیے میری نئی فلم کی کاسٹ اور ’راکی اینڈ رانی کی پریم کہانی‘ کی فیملی سے جو 2022 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

کرن جوہر نے فلم میں شامل تمام افراد کے نام ہیش ٹیگ کے ذریعے اپنی ٹوئٹ میں شیئر کیے جس میں مرکزی کردار میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ دکھائی دیں گے جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں لیجنڈری اداکار دھرمیندر، جیا بچن اور شبانہ اعظمیٰ شامل ہیں۔

واضح رہے کرن جوہر نے آخری بار 2016 میں ’اے دل ہے مشکل‘ میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے تھے جس میں رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریا رائے نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں